ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
اختلافات پیدا کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، عمران خان Home / سیاست,عوام کی آواز /

اختلافات پیدا کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، عمران خان

سپر ایڈمن - 29/09/2025 246
اختلافات پیدا کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، عمران خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آج اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے دو گھنٹے سے زائد وقت پر مشتمل اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد پارٹی ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

 

 پارٹی کے اندرونی اختلافات پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے واضح کیا کہ منفی بیان بازی اور اتحاد کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا سد باب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات پیدا کرنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔

 

ڈاکٹر سیف کے مطابق ملاقات میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی امور اور قبائلی جرگوں کے ذریعے قیام امن کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صوبے میں امن کے حوالے سے مزید مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔

 

ترجمان نے بتایا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات اور رابطہ کاری کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو اس حوالے سے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح صوبے کی معاشی صورتحال اور بجٹ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس پر عمران خان نے اطمینان کا اظہار کیا۔

 

ڈاکٹر سیف کے مطابق معاشی معاملات پر مزید وضاحت کے لیے عمران خان نے مشیر خزانہ مزمل اسلم کو بھی ملاقات کے لیے طلب کر لیا اور انہیں عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت دی تاکہ ملاقاتوں میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔

 

ملاقات میں مختلف محکموں اور وزراء کی کارکردگی پر بھی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو مکمل اختیار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔

 

ڈاکٹر سیف نے مزید بتایا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف وزیراعلیٰ کل سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کریں گے، کیونکہ صوبے کے عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے اور ان سے باقاعدہ مشاورت ناگزیر ہے۔

تازہ ترین