باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے علاقے لغڑئی ماموند مبینہ طور پر گولہ گرنے کے حادثے میں چار بچے جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال خار منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کی حالت پر تشویش ظاہر کی۔ زخمیوں میں ، وقاص شیرزمین (17 سال) اور عطاء اللہ ولد گل ولی شامل ہیں، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں فواد ولد دلبر (18 سال)، جواد ولد یوسف، سجاد ولد مجید (10 سال) اور نوشاد (18 سال) شامل ہیں۔ تمام متاثرین مقامی گاؤں لغڑئی ماموند کے رہائشی تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق گولہ کھیتوں میں گرا، جہاں بچے کھیل رہے تھے۔ تاہم یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ گولہ کس سمت سے آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کر دی۔ ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے حکام نے بھی ہسپتال کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔
تاہم کسی بھی سرکاری ذرائع سے تاحال گولہ گرنے کی خبر کی تصدیق نا ہو سکی۔