کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے آج ہونے والے جلسے کے سلسلے میں سیکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت 1451 افسران و اہلکار تعینات ہیں جبکہ بی ڈی یو، سنیفر ڈاگ یونٹس، لیڈیز پولیس، واک تھرو گیٹس اور ماہر سنائپر شوٹرز بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ جلسہ گاہ اور اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر خصوصی طور پر تربیت یافتہ سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔
داخلی و خارجی راستوں سمیت حساس مقامات پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ ناکہ بندیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد تمام سیکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔
ٹریفک پلان کے مطابق 508 ٹریفک افسران و اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔ جس کی نگرانی چیف ٹریفک آفیسر پشاور کر رہے ہیں۔ مرکزی شاہراہوں اور متبادل راستوں پر خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
پولیس کے مطابق ابابیل سکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس اور ٹریفک پولیس مسلسل گشت اور نگرانی پر مامور ہیں۔ شہری جلسہ گاہ میں صرف خصوصی چیکنگ کے بعد ہی داخل ہو سکیں گے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی کے پیش نظر تعاون کریں کیونکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے۔