ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے امدادی رقوم الخدمت فاؤنڈیشن کے حوالے Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے امدادی رقوم الخدمت فاؤنڈیشن کے حوالے

سپر ایڈمن - 25/09/2025 75
آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے امدادی رقوم الخدمت فاؤنڈیشن کے حوالے

 آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کی جانب سے پشاور کے مختلف مقامات پر فنکار برادری کی کوششوں سے سیلاب زدگان کے لیے جمع کی گئی امدادی رقوم الخدمت فاؤنڈیشن کے حوالے کر دی گئیں۔ اس سلسلے میں جمعرات کو پشاور پریس کلب میں تقریب منعقد ہوئی جہاں سینیئر وائس چیئرمین طارق جمال نے پانچ لاکھ تیس ہزار روپے کا چیک الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین خالد وقاص چمکنی کے حوالے کیا۔

 

اس موقع پر سینیئر ٹی وی آرٹسٹ طارق جمال اور جنرل سیکرٹری و اداکارہ شازمہ حلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنکار برادری نے سیلاب متاثرین کی مدد میں اپنی جیبوں سے بھی تعاون کیا اور خدمت میں کسی سے پیچھے نہیں رہی۔ طارق جمال نے کہا کہ “سلام پیش کرتا ہوں ان آرٹسٹوں کو جنہوں نے روڈوں پر کھڑے ہو کر سیلاب زدگان کے لیے چندہ اکٹھا کیا، فنکاروں کے دل بھی متاثرین کے ساتھ یکساں دھڑکتے ہیں۔”

 

الخدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین خالد وقاص چمکنی نے فنکار برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد پانچ لاکھ تیس ہزار کا نہیں بلکہ پانچ کروڑ تیس لاکھ کے برابر ہے۔ 

 

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ فنکار برادری اور ان کے بچوں کو الخدمت کے "بنو قابل" آئی ٹی اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ تقریب کے دوران انہوں نے سینیئر فنکار طارق جمال کو الخدمت فاؤنڈیشن کا ایمبیسڈر بھی مقرر کیا۔

 

تقریب میں خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے سینیئر فنکاروں نے بھرپور شرکت کی اور سیلاب زدگان کے لیے خدمات پر الخدمت فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کیا۔