خیبر پختونخوا وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ نے اپنے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام، 2026 سے غیر معمولی آمدن حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ سیزن میں محکمے نے مجموعی طور پر 19 لاکھ 13 ہزار 842 امریکی ڈالر (تقریباً 54 کروڑ 27 لاکھ روپے) کی خطیر آمدن حاصل کی۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق یہ آمدن چار ایکسپورٹ ایبل مارخور پرمٹس سے حاصل ہونے والے 9 لاکھ 46 ہزار ڈالر، نو نان ایکسپورٹ ایبل مارخور پرمٹس سے حاصل ہونے والے 5 لاکھ 53 ہزار 300 ڈالر، بیس نان ایکسپورٹ ایبل آئی بیکس پرمٹس سے حاصل ہونے والے 16 ہزار 42 ڈالر اور چھ نان ایکسپورٹ ایبل گرے گورال پرمٹس سے حاصل ہونے والے 3 لاکھ 98 ہزار 500 ڈالر پر مشتمل ہے۔
محکمے نے بتایا کہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام صوبے میں پائیدار وائلڈ لائف کنزرویشن کی کامیاب مثال ہے، جس کی آمدن کا بڑا حصہ جنگلی حیات کے مسکن کے قریب رہنے والی مقامی کمیونٹیز کو دیا جاتا ہے۔ اس حکمت عملی سے نہ صرف نایاب جانوروں کے غیر قانونی شکار پر قابو پایا جا رہا ہے بلکہ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی مل رہے ہیں اور صوبے میں ایکو ٹورازم کو فروغ مل رہا ہے۔
وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کے مطابق اس پروگرام کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبر پختونخوا نے قدرتی وسائل کے تحفظ اور مقامی ترقی کے درمیان توازن قائم کیا ہے۔ اس اقدام سے مارخور جیسی نایاب نسلوں کا تحفظ ممکن ہوا ہے جبکہ صوبہ دنیا میں کمیونٹی بیسڈ ٹرافی ہنٹنگ پروگرامز میں نمایاں حیثیت اختیار کر رہا ہے۔