ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گزشتہ 40 دنوں سے پانی کے بحران کا شکار ہے۔ ہسپتال کو پانی فراہم کرنے والا واحد ٹیوب ویل مسلسل خراب پڑا ہے، جس کے باعث مریضوں اور عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق مجبوراََ پرائیویٹ ٹینکرز کے ذریعے پانی خرید کر ہسپتال کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں، تاہم اس عارضی انتظام سے اخراجات میں اضافہ اور مریضوں کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔
ہسپتال میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں اور مقامی عوام نے محکمہ صحت اور پبلک ہیلتھ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ٹیوب ویل کی مشینری کی مرمت یا نیا ٹیوب ویل نصب کیا جائے تاکہ بنیادی سہولت فراہم ہو سکے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) احتشام خان نے کہا کہ ہسپتال کو گزشتہ دو ماہ سے پانی کی فراہمی کے مسائل درپیش ہیں۔ پرانے ٹیوب ویل پر بار بار مرمت کے باوجود مسائل برقرار ہیں اور اب اس کی مرمت فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ذمے لگائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مستقل حل کے لیے ایک کمپنی جلد ہسپتال کا معائنہ کرے گی اور نئی جگہ پر ٹیوب ویل نصب کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ڈاکٹروں نے زکوٰۃ فنڈز کے ذریعے تعاون فراہم کیا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی نیا ٹیوب ویل نصب کر کے ہسپتال کے پانی کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کر لیا جائے گا۔