ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پشاور: معاون خصوصی ریلیف و آبادکاری کا محکمہ تعلیم پر مسلح دھاوا، ایف آئی آر کی درخواست Home / تعلیم,عوام کی آواز /

پشاور: معاون خصوصی ریلیف و آبادکاری کا محکمہ تعلیم پر مسلح دھاوا، ایف آئی آر کی درخواست

عبدالقیوم - 15/09/2025 383
پشاور: معاون خصوصی  ریلیف و آبادکاری   کا محکمہ تعلیم پر مسلح دھاوا، ایف آئی آر کی درخواست

عبدالقیوم آفریدی


پشاور میں محکمہ تعلیم نے صوبائی کابینہ کے رکن اور معاون خصوصی برائے ریلیف و آبادکاری نیک محمد کے خلاف مسلح افراد کے ساتھ دفتر پر دھاوا بولنے، عملے کو یرغمال بنانے اور گن پوائنٹ پر تبادلے کے احکامات منظور کرانے کے واقعے پر ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔

 

محکمہ تعلیم کے مطابق یہ واقعہ 12 ستمبر کو پیش آیا، جب معاون خصوصی مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفتر میں داخل ہوئے اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک دفتر پر قابض رہے۔ اس دوران عملے کو مبینہ طور پر گالیاں دی گئیں، زد و کوب کیا گیا اور ایک تبادلے کے حکم کو منسوخ کرانے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔

 

محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ کے رکن کا یہ طرزِ عمل سرکاری دفاتر کی حرمت پامال کرنے کے مترادف ہے اور یہ اقدام تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 186 اور 506 کے تحت قابل دست اندازی جرم ہے۔

 

سیکرٹری تعلیم کے مطابق معاون خصوصی نے فون پر بھی دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا اور سنگین نتائج کی وعید دی۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ تعلیم کے تمام ملازمین کو 15 ستمبر سے گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، جبکہ سرکاری دفاتر میں سرکاری یا غیر سرکاری گن مین کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

 

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تین روز گزرنے کے باوجود معاون خصوصی نے نہ تو اپنے رویے پر ندامت ظاہر کی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی معذرت پیش کی ہے۔

 

اس حوالے سے معاون خصوصی برائے ریلیف و آبادکاری نیک محمد  سے مسلسل رابطہ کرنے کے باوجود بھی کوئی تسلی بخش جواب موصول نا ہو سکا۔