ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کا دورہ بنوں، شہداء کی نماز جنازہ اور زخمیوں کی عیادت Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کا دورہ بنوں، شہداء کی نماز جنازہ اور زخمیوں کی عیادت

سپر ایڈمن - 13/09/2025 450
وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کا دورہ بنوں، شہداء کی نماز جنازہ اور زخمیوں کی عیادت

وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشت گردی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان آپریشن میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 12 بہادر جوانوں کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔

 

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا بھرپور اور دوٹوک جواب دیتا رہے گا، کسی قسم کا ابہام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے گروہ افغانستان میں موجود ہیں اور ان کی پشت پناہی بھارت کر رہا ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کو دو ٹوک پیغام دے دیا گیا ہے کہ وہ یا تو خارجیوں کا ساتھ دے یا پاکستان کا۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے جلد انخلا کو بھی قومی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر پاکستانی قوم کسی سیاست یا گمراہ کن بیانیے کو قبول نہیں کرے گی۔ جو عناصر بھارتی یا خارجی پراکسیوں کی سہولت کاری کریں گے، انہیں بھی اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

 

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کے لیے تمام ضروری انتظامی اور قانونی فیصلے فوراً کئے جائیں گے۔

 

وزیراعظم اور آرمی چیف نے بنوں سی ایم ایچ میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور نے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بنوں کنٹونمنٹ پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال چیف آف آرمی سٹاف نے کیا۔

تازہ ترین