سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الخوارج کے 35 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائیوں میں 12 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز 10 سے 13 ستمبر کے درمیان باجوڑ اور وزیرستان میں کئے گئے۔ باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 22 دہشتگرد مارے گئے جبکہ وزیرستان میں کارروائی کے نتیجے میں مزید 13 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد متعدد حملوں میں ملوث تھے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔تاہم فورسز اور دہشتگردوں کے مابین شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 جوان شہید ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لوئر دیر کے علاقے میدان سر بانڈہ میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران جھڑپ میں 7 ایف سی اہلکار شہید، 13 زخمی اور ایک اہلکار لاپتہ ہوا تھا، جہاں شدت پسندوں نے مورچے بنا کر قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔