ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بنوں: عمان کشتی حادثہ، مشران کا اظہار یکجہتی، الخدمت فاؤنڈیشن کا کفالت اعلان Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

بنوں: عمان کشتی حادثہ، مشران کا اظہار یکجہتی، الخدمت فاؤنڈیشن کا کفالت اعلان

سپر ایڈمن - 13/09/2025 273
بنوں: عمان کشتی حادثہ، مشران کا اظہار یکجہتی، الخدمت فاؤنڈیشن کا کفالت اعلان

بنوں کے علاقے خوجڑی میں عمان کے بحری حدود میں پیش آنے والےکشتی حادثے کے بعد غم اور سوگ کی فضا قائم ہے۔ لاپتہ ماہی گیروں کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اقوامِ بنوں کے مشران، سیاسی و سماجی شخصیات اور معززینِ علاقہ بڑی تعداد میں خوجڑی پہنچے۔

 

اجتماع میں فیصلہ کیا گیا کہ لاپتہ نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ کے شرعی پہلو کو علماء کے سپرد کیا جائے گا جبکہ جانی کلے خوجڑی میں اجتماعی فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی باز محمد خان ایڈووکیٹ اور حاجی اختر علی شاہ نے کہا کہ آج کا دن خوجڑی کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب 22 محنت کش نوجوان سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے اور صرف ایک نوجوان زندہ بچ سکا۔

 

 مقررین نے وفاقی حکومت کی جانب سے ماہی گیروں کو "تارکین وطن" قرار دینے کے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ الفاظ پسماندگان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ ان کے مطابق خوجڑی کی عوام کی روزی روٹی ماہی گیری اور بیف پلاؤ سے جڑی ہے اور ماہی گیر قانونی تقاضے پورے کر کے ویزے خریدتے ہیں۔

 

شرکاء نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری مالی امداد کا اعلان کیا جائے۔ اسی دوران الخدمت فاؤنڈیشن نے اعلان کیا کہ لاپتہ ماہی گیروں کے یتیم بچوں کی کفالت بلوغت تک ادارہ خود کرے گا۔

 

جرگے میں سابق سینیٹر حاجی باز محمد خان ایڈووکیٹ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حاجی اختر علی شاہ، مئیر بنوں عرفان درانی، بصیر علی شاہ، زاہد امین اور ملک یوسف خان سمیت درجنوں اہم شخصیات نے شرکت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اظہار کیا۔

تازہ ترین