ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کاروائی، ہزاروں کلو کی ناقص خوراک ضبط Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کاروائی، ہزاروں کلو کی ناقص خوراک ضبط

سپر ایڈمن - 10/09/2025 317
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کاروائی، ہزاروں کلو کی ناقص خوراک ضبط

 خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مردان، سوات اور پشاور میں کارروائیاں کرتے ہوئے ناقص اور جعلی خوراک تیار کرنے والے مختلف یونٹس سیل کر دیے۔ متعدد افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

 

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مردان کے علاقے کاٹلنگ میں چھاپے کے دوران ایک گھانی سے 1000 کلو ملاوٹ شدہ گڑ، 500 کلو ناقص گڑ اور 100 کلو چینی برآمد کی گئی، جہاں انتہائی ناقص صفائی کے ماحول میں تیار ہونے والا گڑ مارکیٹ میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔ کارروائی میں ایک بیکری یونٹ بھی ناقص صفائی کے باعث سیل کر دیا گیا۔

 

اسی طرح سوات کے علاقے منگورہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملٹی نیشنل برانڈ کے جعلی پراڈکٹس بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی۔ یونٹ سے 600 کلو جعلی مصالحہ جات، 210 کلو گلوکوز، 800 کلو پیکنگ ریلز، 100 کلو کھیر، 40 کاٹن پیکنگ میٹریل اور 2 پیکنگ مشینیں برآمد کی گئیں۔ فیکٹری مالک کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

 

پشاور کے ٹاؤن فور میں بھی فوڈ سیفٹی ٹیم نے گودام پر چھاپہ مار کر 153 کلو ایکسپائرڈ گھی برآمد کیا اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

 

اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ عوام کو مضر صحت اور جعلی خوراک فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔

تازہ ترین