ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
اقوام متحدہ کا 50 لاکھ ڈالر کا ہنگامی فنڈ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے جاری Home / تعلیم,صحت,قومی /

اقوام متحدہ کا 50 لاکھ ڈالر کا ہنگامی فنڈ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے جاری

سپر ایڈمن - 09/09/2025 210
اقوام متحدہ کا 50 لاکھ ڈالر کا ہنگامی فنڈ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے جاری

 

9 ستمبر 2025 کو اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں حکومت کی قیادت میں جاری سیلابی امدادی سرگرمیوں کے لیے سینٹرل ایمرجنسی ریسپانس فنڈ (CERF) سے 50 لاکھ ڈالر جاری کیے جا رہے ہیں۔

 

 اس امداد کے تحت اقوام متحدہ کی ایجنسیاں اور شراکت دار ادارے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اور ضروری امدادی سہولیات فراہم کریں گے، تاکہ ان لاکھوں افراد کی مدد کی جا سکے جو تباہ کن سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک سیلاب سے 40 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 20 لاکھ سے زائد اپنے گھروں سے بے دخل ہو کر بلند مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔


اس امداد کے تحت متاثرین کو صاف پینے کا پانی، غذائی سامان، خیمے، مچھر دانیاں، صفائی و حفظان صحت کے کٹس، طبی سہولیات، نفسیاتی مدد اور ہنگامی نقد رقوم فراہم کی جائیں گی۔

 

پاکستان میں اقوام متحدہ کے ہیومینیٹرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کہا کہ حکومت نے بروقت اقدامات اٹھا کر ہزاروں زندگیاں بچائیں تاہم متاثرہ کمیونٹیز اب بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کے بقول یہ فنڈ حکومت اور مقامی این جی اوز کی کوششوں میں اہم سہارا ثابت ہوگا۔ یہ امداد اوچا (OCHA) کی جانب سے پہلے دیے گئے 6 لاکھ ڈالر کے علاوہ ہے۔

 

شدید بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی نے صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بڑے حصوں کو متاثر کیا ہے۔ کئی مقامات پر پانی کی سطح دس میٹر تک بلند ہوگئی ہے جس سے دیہات مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ زرعی زمینیں، سڑکیں، مکانات، اسکول اور صحت مراکز تباہ ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک 892 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

 

دریائے سندھ کے بہاؤ نے صوبہ سندھ کو سب سے زیادہ خطرے میں ڈال دیا ہے جہاں مزید 16 لاکھ افراد متاثر ہونے کا اندیشہ ہے اور "سپر فلڈ" کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ ماحولیاتی خطرات سے دوچار ممالک میں شامل ہے، جہاں شدید گرمی، گلیشیئر پگھلاؤ اور غیر متوقع مون سون بارشیں تباہ کن سیلابوں کا باعث بن رہی ہیں۔ یاد رہے 2022 کے سیلاب نے بھی ملک بھر میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا تھا۔