ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبرپختونخوا: ویلیج کونسل چیئرمین نشستوں پر پولنگ کا شیڈول جاری Home / خیبر پختونخوا,سیاست,عوام کی آواز /

خیبرپختونخوا: ویلیج کونسل چیئرمین نشستوں پر پولنگ کا شیڈول جاری

سپر ایڈمن - 09/09/2025 363
خیبرپختونخوا: ویلیج کونسل چیئرمین نشستوں پر پولنگ  کا شیڈول جاری

خیبرپختونخوا کے 4 اضلاع کی 5 ویلیج کونسلوں میں چیئرمین کی خالی نشستوں پر ان ہاؤس پولنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمیشن کے ترجمان سہیل احمد کے مطابق پولنگ 11 ستمبر کو بذریعہ اوپن ڈویژن ہوگی، جس میں متعلقہ ویلیج کونسل کے ممبران اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

 

ترجمان کے مطابق یہ نشستیں مردان، ہنگو، اورکزئی اور ٹانک کے اضلاع میں خالی ہیں۔ مردان میں دو ویلیج کونسلیں (گوجر گڑھی-III اور ٹکر-II)، ہنگو میں بلیا مینہ، اورکزئی میں غزگڑھ اور ٹانک میں بدھا ویلیج کونسل شامل ہیں۔

 

پولنگ کے انعقاد کے لیے ریٹرننگ افسران کی تقرری پہلے ہی کی جا چکی ہے۔ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ آفیسر 11 ستمبر کو ہی کاغذات نامزدگی وصول کریں گے، ان کی جانچ پڑتال کریں گے اور امیدوار اسی دن کاغذات واپس بھی لے سکیں گے۔

 

ترجمان کے مطابق کوئی بھی ممبر صرف ایک امیدوار کا تجویز کنندہ یا تائید کنندہ بن سکے گا۔ اوپن ڈویژن کے تحت ہر ممبر متعلقہ رجسٹر میں اپنے پسندیدہ امیدوار کا نام لکھ کر دستخط اور انگوٹھے کا نشان لگائے گا اور ہال سے باہر جائے گا۔ ریٹرننگ آفیسر نتیجہ متعلقہ فارم پر صوبائی الیکشن کمشنر کو فوری ارسال کرے گا، جسے بعدازاں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ بھجوایا جائے گا۔

تازہ ترین