ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے تحصیل ماموند کے متعدد گاؤں کو کلیئر قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق لرکلان، برکلان، غنم شاہ، چمیار جوڑ اور چوترہ واڑہ ماموند میں حالات مکمل طور پر معمول پر آ گئے ہیں اور ریاست کی عملداری بحال ہو چکی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کے باشندے اب اپنے گھریلو سامان کے ساتھ گھروں کو واپس جا سکتے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انہیں ریاست کی جانب سے مکمل تحفظ اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ پُرامن زندگی گزار سکیں۔
انتظامیہ نے متاثرہ عوام کے صبر، حوصلے اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ باقی علاقوں کی واپسی کا عمل بھی مرحلہ وار اور منظم طریقے سے جاری رہے گا، جو متعلقہ مقامات کی کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔
حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام متاثرہ خاندانوں کی جلد، محفوظ اور باعزت واپسی کو یقینی بنایا جائے گا۔