ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پاکستان میں معدنی وسائل پر پاک-امریکہ شراکت داری، ایم او یو دستخط Home / عوام کی آواز,قومی /

پاکستان میں معدنی وسائل پر پاک-امریکہ شراکت داری، ایم او یو دستخط

سپر ایڈمن - 08/09/2025 111
پاکستان میں معدنی وسائل پر پاک-امریکہ شراکت داری، ایم او یو دستخط

امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز (یو ایس ایس ایم) اور پاکستان کی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے درمیان اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

 

 معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں امریکی سفارتخانے کے قائم مقام نائب چیف آف مشن زیک ہارکن رائیڈر بھی شریک ہوئے۔

 

معاہدے پر دستخط کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے امریکی مشن پاکستان کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ یہ یادداشت امریکہ اور پاکستان دونوں کے لیے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ایک اور مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کے نزدیک اہم معدنی وسائل قومی سلامتی اور خوشحالی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں اور اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ مستقبل میں مزید معاہدوں کی امید ہے۔

 

نیٹلی بیکر نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی سلامتی اور ترقی کے پیش نظر ایسے دوطرفہ معاہدوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے، جو معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے سکیں۔

 

یو ایس ایس ایم، جو امریکی ریاست میسوری میں واقع ہے، اہم معدنیات کی پیداوار اور ری سائیکلنگ پر کام کرتی ہے۔ امریکی محکمہ توانائی کے مطابق یہ معدنیات جدید مینوفیکچرنگ اور توانائی کی پیداوار سے متعلق مختلف ٹیکنالوجیز کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔

تازہ ترین