ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
کوہاٹ بورڈ کا امتحانی شفافیت کی جانب تاریخی قدم، "شو آف پیپرز" کا انعقاد Home / تعلیم,عوام کی آواز /

کوہاٹ بورڈ کا امتحانی شفافیت کی جانب تاریخی قدم، "شو آف پیپرز" کا انعقاد

سپر ایڈمن - 08/09/2025 337
کوہاٹ بورڈ کا امتحانی شفافیت کی جانب تاریخی قدم،

باسط گیلانی

 

 امتحانات کے نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے کوہاٹ تعلیمی بورڈ نے پہلی مرتبہ "شو آف پیپرز" کا انعقاد کیا ہے، جسے تعلیمی حلقوں کی جانب سے تاریخی اور خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

 

چیئرمین کوہاٹ بورڈ امتیاز ایوب کی قیادت میں شروع کئے گئے اس اقدام کے تحت طلبہ اپنے والدین کے ہمراہ پرچوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس فیصلے کو امتحانی عمل پر اعتماد کی بحالی اور میرٹ کی بالادستی کے لیے سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

 

 یاد رہے کہ ماضی میں نتائج پر سفارش اور خرید و فروخت کے الزامات لگتے رہے، جنہیں دور کرنے کے لیے پہلے مرحلے میں ٹاپ ٹونٹی طلبہ کے پرچے آفیشل پیج پر جاری کئے گئے اور اب "شو آف پیپرز" کے ذریعے شفافیت کو مزید تقویت دی گئی ہے۔

 

تنظیم اساتذہ خیبرپختونخوا نے اس اقدام کو میرٹ کی بالادستی اور نقل کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

 

چیئرمین بورڈ امتیاز ایوب نے کہا کہ تعیناتی کے بعد پرائیویٹ اسکولوں کے امتحانی ہالز پر پابندی لگا کر امتحانات کو سرکاری ہالز میں منتقل کیا گیا اور نتائج پر مخصوص سکولوں کے قبضے کو ختم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے میرٹ پر کیے گئے ہیں، کسی کے ساتھ ناانصافی یا جانبداری نہیں کی گئی۔ 

 

انہوں نے کہا کہ "میں بغیر کسی دباؤ کے کام کر رہا ہوں، مصنوعی پوزیشنز کے بجائے حقیقی میرٹ پر یقین رکھتا ہوں، آج کی سختی مستقبل کے لیے طلبہ کے حق میں نعمت ثابت ہوگی۔"