ذاہد جان
باجوڑ میں آج کا دن ایک یادگار موقع میں بدل گیا، جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے علاقے کا خصوصی دورہ کیا۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود عوام کی بڑی تعداد اپنے پسندیدہ کرکٹر کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے امڈ آئی۔ آفریدی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی آمد پر ہر چہرے پر خوشی کے رنگ نمایاں تھے۔
دورے کے دوران شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج میں قائم متاثرین کیمپ کا معائنہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کے لیے 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔
شاہد آفریدی نے باجوڑ کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ایک ووکیشن سنٹر قائم کرنے کا وعدہ بھی کیا تاکہ وہ ہنر سیکھ کر اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔
قومی کرکٹر نے متاثرہ بچوں اور بچیوں میں سکول بیگز، کتابیں اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا تاکہ وہ تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔
اپنے دورے کے دوران شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج باجوڑ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ کا افتتاح بھی کیا، جسے مقامی عوام اور طلبہ نے خوش آئند اقدام قرار دیا۔
مقامی عوام اور متاثرین نے شاہد آفریدی کی آمد کو علاقے کے لیے ایک بڑی حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ہیرو کی اس ہمدردی اور تعاون سے متاثرہ خاندانوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔