ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
ضم شدہ اضلاع کے دیہی علاقوں میں صفائی پروگرام کے لیے 34 کروڑ روپے فنڈز منظور Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

ضم شدہ اضلاع کے دیہی علاقوں میں صفائی پروگرام کے لیے 34 کروڑ روپے فنڈز منظور

عبدالقیوم - 05/09/2025 177
ضم شدہ اضلاع کے دیہی علاقوں میں صفائی پروگرام کے لیے 34 کروڑ روپے فنڈز منظور

عبدالقیوم آفریدی

 

 خیبر پختونخوا حکومت نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے لیے 34 کروڑ 21 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے محکمہ خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈز سے مشینری اور صفائی کے آلات خریدے جائیں گے، جبکہ عملے کی تنخواہیں مشینری کی حوالگی کے بعد جاری ہوں گی۔ تین ماہ کے لیے آپریشنل فنڈز فراہم کئے جائیں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر مزید فنڈز جاری ہوں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق ضلع باجوڑ کے لیے 72.76 ملین، خیبر کے لیے 76.6 ملین، کرم کے لیے 38.02 ملین، مہمند کے لیے 35.03 ملین، شمالی وزیرستان کے لیے 43.3 ملین، اورکزئی کے لیے 23.66 ملین جبکہ جنوبی وزیرستان کے لیے 52.75 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق ویلج کونسل سطح پر صفائی کے لیے عارضی بنیادوں پر عملہ بھرتی کیا جائے گا، جس میں ایک لوڈر رکشہ ڈرائیور اور تین صفائی ورکر شامل ہوں گے۔ یہ عملہ روزانہ اجرت کی بنیاد پر تنخواہ لے گا۔

 

علاقہ مکینوں نے حکومت کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ضلع خیبر کے شیراز خان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے علاقے صاف ستھرے ہوں گے اور بیماریوں سے بھی بچاؤ ممکن ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر حکومت اس نظام کو مستقل بنیادوں پر قائم رکھے تو ضم شدہ اضلاع میں ایک مثبت تبدیلی آئے گی۔

تازہ ترین