نوشہرہ ، وزیرگڑھی پبی میں راہزنی کے دوران تین نقاب پوش مسلح افراد نے فروٹ منڈی کے مزدور اور گھر کے واحد کفیل سرتاج کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس اور لواحقین کے مطابق 34 سالہ سرتاج پشاور فروٹ منڈی میں مزدوری کرتا تھا اور گزشتہ روز کام کے بعد گھر واپس آرہا تھا کہ مسلح راہزنوں نے اس سے رقم اور موبائل چھین لیا اور مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے سرتاج موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میاں راشد میموریل ہسپتال پبی منتقل کیا۔
پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم پبی پولیس واقعے کو راہزنی تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔
جماعت اسلامی کے ضلعی رہنما مولانا گوہرالرحمن گوہر نے اسے "خونی راہزنی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے، اگر صورتحال یہی رہی تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔