ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پشاور تعلیمی بورڈ نے ایف اے، ایف ایس سی کے نتائج کا اعلان کردیا طالبات بازی لے گئیں Home / تعلیم,خیبر پختونخوا /

پشاور تعلیمی بورڈ نے ایف اے، ایف ایس سی کے نتائج کا اعلان کردیا طالبات بازی لے گئیں

عبدالقیوم - 04/09/2025 297
پشاور تعلیمی بورڈ  نے ایف اے، ایف ایس سی کے نتائج کا اعلان کردیا طالبات بازی لے گئیں

 

پشاور تعلیمی بورڈ نے ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ تعلیمی بورڈ کے مطابق بارہویں جماعت کے 62 ہزار 322 طلباء و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا جن میں سے 44 ہزار 902 کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 72 فیصد رہا۔

 

نتائج کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں نجی کالج کی علیشہ عروج نے 1145 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، محمد حسن مغل نے 1139 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ جناح کالج کی مروا قیصر نے 1138 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

 

پری انجینئرنگ گروپ میں جناح کالج کی طوبیٰ رؤف 1117 نمبر کے ساتھ پہلی، جناح کالج کی عاتکہ لیلیٰ اور اسلامیہ کالج کے محمد حارث خان 1112 نمبر کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری جبکہ جناح کالج کی ایمن طارق 1111 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔

 

کمپیوٹر سائنس گروپ میں تمام پوزیشنیں طالبات نے اپنے نام کیں۔ نجی کالج کی سمیہ جہانزیب 1132 نمبر کے ساتھ پہلی، عفت قاضی 1100 نمبر کے ساتھ دوسری اور اریشہ عاصف 1099 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔

 

اسی طرح آرٹس گروپ میں نجی کالج کے اکرام اللہ 1070 نمبر لے کر پہلے، محمد ہشام 1069 نمبر کے ساتھ دوسرے جبکہ حافظہ کائنات 1066 نمبر کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

 

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس سال شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے جن میں سرکاری اور نجی کالجز کے امتحانی ہالز کو یکجا کرنا بھی شامل ہے۔

 

فیصل ترکئی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے رواں سال تعلیم کے لیے 364 ارب روپے مختص کئے ہیں، جس سے آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

 

 انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم کو کاغذ سے پاک (Paperless) بنانے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

وزیر تعلیم نے والدین اور کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ بھی بچوں کو اسکول لانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ شرح خواندگی میں اضافہ ہوسکے۔

تازہ ترین