اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سٹیفن ڈیوجیرک نے حالیہ شمالی پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 400 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، یہ آفت شدید مون سون بارشوں اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے آئی ہے جس سے لگ بھگ 15 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے 3 ہزار سے زائد مکانات، 400 سے زیادہ اسکول اور 40 کے قریب صحت کے مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔
سیکریٹری جنرل نے پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے پر پاکستانی حکام کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔ انہوں نے حکومت اور عوام پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
سٹیفن ڈیوجیرک کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار ادارے پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں انسانی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ فوری ضروریات کی نشاندہی اور امدادی کاموں میں موجود خلا کو پر کیا جا سکے۔
جبکہ ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے ریجنل ہیومینیٹرین فنڈ سے 6 لاکھ ڈالر جاری کر دیے ہیں تاکہ امدادی و بحالی کے کاموں میں مدد فراہم کی جا سکے جبکہ حکومت کے ساتھ مزید امدادی منصوبے پر بات چیت جاری ہے۔