محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے سرکاری کالجوں میں بی ایس پروگرام ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ صوبے کے 128 کالجوں میں اب ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق بی ایس پروگرام میں انرولمنٹ کم اور ڈراپ آؤٹ زیادہ ہونے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت صوبے بھر میں 36 کالجوں کے متعدد مضامین کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ 230 بی ایس پروگرامز کو ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی طلبہ کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے آغاز سے نہ صرف معیار تعلیم بہتر ہوگا بلکہ سرکاری کالجوں کے تعلیمی ڈھانچے میں بھی بڑی تبدیلی آئے گی۔