کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ شاہوانی سٹیڈیم کے سامنے ہونے والے خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 تک جا پہنچی جبکہ 38 افراد زخمی ہیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں، جبکہ مقدمے میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق خودکش حملہ آور کی لاش کی باقیات قبضے میں لے لی گئی ہیں، جنہیں فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ حملے میں ملوث عناصر کی جلد نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
دوسری جانب محکمہ صحت بلوچستان نے ہلاکتوں کی تعداد 15 اور زخمیوں کی تعداد 38 ہونے کی تصدیق کی ہے۔