ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
وائس آف امریکا کے بنیادی آپریشنز 83 سال بعد باضابطہ طور پر بند Home / بین الاقوامی /

وائس آف امریکا کے بنیادی آپریشنز 83 سال بعد باضابطہ طور پر بند

سپر ایڈمن - 02/09/2025 144
وائس آف امریکا کے بنیادی آپریشنز  83 سال بعد باضابطہ طور پر بند

امریکی نشریاتی ادارہ وائس آف امریکا (وی او اے) 83 سال بعد اپنے بنیادی آپریشنز اس ہفتے باضابطہ طور پر بند کر دیا گیا۔

 

رپورٹس کے مطابق لیبر ڈے کی تعطیلات کے بعد منگل کو باقی ماندہ سٹاف بھی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوگا۔ امریکی ایجنسی برائے گلوبل میڈیا (یو ایس اے جی ایم) کی سربراہ کَری لیک نے اس اقدام کا اعلان کیا، جسے باضابطہ طور پر "ریڈکشن اِن فورس" (آر آئی ایف) کہا گیا ہے۔

 

کَری لیک کے مطابق یہ فیصلہ صدر کی ہدایت پر وفاقی بیوروکریسی کم کرنے، ایجنسی کی خدمات بہتر بنانے اور عوام کے ٹیکسوں کی بچت کے لیے کیا گیا۔

 

واضح رہے کہ وائس آف امریکا 1942 میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران قائم ہوا اور اپنے عروج پر 48 زبانوں میں نشریات کے ذریعے ہفتہ وار 36 کروڑ سے زائد سامعین تک پہنچتا تھا۔ ناقدین کے مطابق یہ اقدام محض مالی نہیں بلکہ سیاسی محرکات رکھتا ہے اور آزاد صحافت کو دبانے کی کوشش ہے۔

 

ذرائع کے مطابق وی او اے کی بندش سے تقریباً 100 پاکستانی صحافی اور عملہ متاثر ہوا ہے جو اردو اور پشتو سروسز میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ دیگر ملازمین ویتنامی، روسی، فارسی، مینڈارن اور کئی زبانوں سے وابستہ تھے۔

 

ملازمین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر برطرف ہونے والے زبان کے ماہرین ہیں، جن کے لیے امریکی میڈیا انڈسٹری میں روزگار کے مواقع نہایت محدود ہیں۔ کئی ملازمین نے اپنے انخلا کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی ہے۔

 

سابق ملازم کے مطابق "وی او اے صرف میڈیا ادارہ نہیں تھا، اس نے دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو حقائق پر مبنی خبروں تک رسائی دی، ایسے ملکوں میں بھی جہاں یہ ممکن نہیں تھا"۔

 

یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں وی او اے کے آپریشنز بتدریج ختم کرنے کا عمل شروع ہوا، مارچ میں تقریباً تمام سٹاف کو انتظامی چھٹیوں پر بھیج دیا گیا، مئی میں 600 کنٹریکٹرز فارغ کر دیے گئے اور جون میں برطرفی کے نوٹس جاری کئے گئے۔

تازہ ترین