ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر: سورج مکھی کی فصل تیار، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ متوقع Home / عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

خیبر: سورج مکھی کی فصل تیار، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ متوقع

سپر ایڈمن - 02/09/2025 73
خیبر: سورج مکھی کی فصل تیار، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ متوقع

ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں سورج مکھی کی فصل تیار ہوگئی ہے، جسے مقامی کسانوں کے لیے خوشحالی کی نوید قرار دیا جا رہا ہے۔ کھیتوں میں کھلے سنہری پھول نہ صرف دلکش منظر پیش کر رہے ہیں بلکہ مارکیٹ میں فروخت کے بعد کسانوں کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ بھی متوقع ہے۔

 

کسانوں کا کہنا ہے کہ اس سال سورج مکھی کے پھولوں کا سائز 13 انچ تک پہنچ گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ علاقہ اس فصل کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ ہائبرڈ مکئی کے بعد سورج مکھی کو ضلع خیبر کی کامیاب ترین فصل قرار دیا جا رہا ہے۔

 

دو سال قبل ڈائریکٹر زراعت ضلع خیبر ضیاء السلام داوڑ کی ہدایت پر سورج مکھی کی کاشت کے فروغ کے لیے ٹریننگ سیشنز اور تقریبات منعقد کی گئیں اور کاشتکاروں کو قیمتی ہائبرڈ بیج بھی مفت فراہم کئے گئے۔ اس اقدام کے نتیجے میں کسان نہ صرف زیادہ پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے بلکہ گھریلو سطح پر معیاری خوردنی تیل تیار کرنے لگے۔

 

مقامی ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج مکھی کی کاشت زمین کی زرخیزی اور ماحول دونوں کے لیے فائدہ مند ہے جبکہ کھلے پھول فوٹوگرافی اور سیاحت کے فروغ کا ذریعہ بھی بن رہے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت آئندہ برس اس فصل کی کاشت مزید رقبے پر بڑھانے کے اقدامات کرے تو یہ علاقہ خوردنی تیل میں خود کفیل ہو سکتا ہے۔

 

 کاشتکاروں کے مطابق سورج مکھی کی فصل نے نہ صرف ان کی معیشت بہتر بنائی ہے بلکہ دیہاتیوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے ہیں۔

تازہ ترین