ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
لکی مروت/بنوں : دہشتگردی کے واقعات، دو پولیس اہلکار شہید،4 دہشتگرد ہلاک Home / جرائم,عوام کی آواز /

لکی مروت/بنوں : دہشتگردی کے واقعات، دو پولیس اہلکار شہید،4 دہشتگرد ہلاک

سپر ایڈمن - 02/09/2025 234
لکی مروت/بنوں :  دہشتگردی کے واقعات، دو پولیس اہلکار شہید،4 دہشتگرد  ہلاک

 لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ بنوں میں ایف سی لائن پر دھماکہ اور فائرنگ کے بعد سیکیورٹی فورسز کا کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے تھانہ سٹی کی حدود میں میلہ شہاب خیل کے قریب گاؤں بیگوخیل سے ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں اسد خان اور سمیع اللہ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ شہدا کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ سٹی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

 

ادھر بنوں میں کوہاٹ روڈ پر واقع ایف سی لائن پر دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق شرپسندوں نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی لائن سے ٹکرائی جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث ایف سی لائن کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔

 

ڈی آئی جی سجاد خان کے مطابق چار سے پانچ دہشتگرد لائن میں گھس گئے تھے جنہیں گھیر کر آپریشن کیا جا رہا ہے۔ آپریشن کے دوران ایس ایچ او کینٹ دمساز خان زخمی ہوگئے۔

 

بعدازاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے جبھتہ النصار المہدی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایف سی کمپاؤنڈ پر کار بم دھماکہ کیا گیا اور گروپ کے ساتھی لائن میں داخل ہوچکے ہیں۔

 

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے، فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے، خودکش حملہ آور سمیت 4 دہشتگرد مار دئیے گئے ہیں۔

تازہ ترین