ذاہد جان
روم ایکس پاکستان اور علم دان کے اشتراک سے ڈاکٹر عالیہ حیدر کی نگرانی میں باجوڑ کے پسماندہ علاقے جبڑارئی (تحصیل سلارزئی) میں فلڈ ریلیف اینڈ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں تین سو سے زائد سیلاب متاثرین کا میڈیکل چیک اپ اور ہزاروں روپے مالیت کی دوائیاں تقسیم کی گئیں۔
ڈاکٹر عالیہ حیدر نے کہا کہ یہ علاقہ پہاڑوں کے اندرونی حصے میں ہے جہاں پہنچنے کے لیے کئی گھنٹے دشوار گزار راستوں پر سفر کرنا پڑا۔ یہاں متاثرین کی تعداد بہت زیادہ تھی اور ان میں بڑی اکثریت خواتین کی تھی۔ بدقسمتی سے نہ حکومت اور نہ ہی کسی نجی تنظیم نے اب تک یہاں طبی امداد فراہم کی ہے۔
روم ایکس پاکستان کے شریک بانی علی اشرف نے کہا کہ روم ایکس پاکستان نے اس میڈیکل مشن کے لیے ان علاقوں کا انتخاب کیا جہاں دوسروں کا پہنچنا مشکل تھا۔ ہم نے ان مقامات کو ترجیح دی جہاں راستے دشوار گزار ہیں اور سرکاری یا نجی امداد اب تک نہیں پہنچی۔ ہمارا مقصد اُن علاقوں تک جانا تھا جو سب سے زیادہ متاثر ہیں لیکن سب سے زیادہ نظر انداز کئے گئے ہیں۔ باجوڑ کا یہ علاقہ اسی سوچ کی ایک کڑی ہے جہاں آج بھی لوگ صحت اور بنیادی سہولیات کے منتظر ہیں۔"
یہ میڈیکل مشن نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی ایک عملی کوشش ہے بلکہ اس بات کی نشاندہی بھی کرتا ہے کہ نظر انداز شدہ علاقوں کو ترجیح دینا وقت کی ضرورت ہے۔ روم ایکس پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ ریلیف مشن کا دوسرا مرحلہ جلد گلگت بلتستان میں شروع کیا جائے گا۔