ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پاکستان سے مزید افغان مہاجرین کی واپسی، مجموعی تعداد 6 لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی Home / بین الاقوامی,عوام کی آواز /

پاکستان سے مزید افغان مہاجرین کی واپسی، مجموعی تعداد 6 لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی

سپر ایڈمن - 01/09/2025 331
پاکستان سے مزید افغان مہاجرین کی واپسی، مجموعی  تعداد 6 لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کر گئی

طورخم بارڈر کے راستے افغان مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز 4 ہزار 897 افغان شہری وطن واپس گئے، جن میں سے 4 ہزار 739 نے رضاکارانہ واپسی اختیار کی جبکہ 158 افراد کو زبردستی ڈیپورٹ کیا گیا۔

 

رپورٹ کے مطابق واپس جانے والوں میں 4 ہزار 15 POR کارڈ ہولڈرز، 108 ACC کارڈ ہولڈرز اور 616 بغیر کاغذات کے شہری شامل تھے۔

 

دوسری جانب مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے افغان مہاجرین کے انخلا کے دوران ان کی صحت کے خصوصی انتظامات کا اعلان کرتے ہوئے ضلع خیبر میں میڈیکل کیمپ قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 

مشیر صحت کے مطابق علی مسجد سے افغان بارڈر تک مہاجرین کی بڑی تعداد موجود ہے، جن میں بچے، خواتین اور بزرگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باحفاظت واپسی کے لیے ان کی صحت کی دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہے۔

 

احتشام علی نے بتایا کہ محکمہ صحت آج ہی میڈیکل کیمپ قائم کرے گا، جس کے لیے ادویات اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان بھائیوں کی خدمت کے لیے محکمہ صحت ہر ممکن سہولت دینے اور ہمیشہ گراؤنڈ پر موجود رہنے کے لیے پرعزم ہے۔

 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 17 ستمبر 2023 سے اب تک پاکستان سے افغانستان جانے والے افغان شہریوں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 87 ہزار 283 ہو چکی ہے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔

تازہ ترین