گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر چلاس کے قریب فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔ ترجمان جی بی حکومت کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور 3 ٹیکنیکل سٹاف سوار تھے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے اس افسوسناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے اور حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں ہیلی کاپٹر میں لگی آگ بھجانے میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی ضلع مہمند میں امدادی کارروائیوں کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں 5 عملے کے ارکان شہید ہوئے تھے۔