ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
افغانستان: زلزلے کے باعٹ610افراد جاں بحق، 1300 زخمی، کئی گاؤں زمین بوس Home / بین الاقوامی,عوام کی آواز /

افغانستان: زلزلے کے باعٹ610افراد جاں بحق، 1300 زخمی، کئی گاؤں زمین بوس

سپر ایڈمن - 01/09/2025 307
افغانستان: زلزلے کے باعٹ610افراد جاں بحق، 1300 زخمی، کئی گاؤں زمین بوس

افغانستان کے صوبہ کنڑ اور ملحقہ علاقوں میں رات گئے آنے والے شدید زلزلے  کے باعث سینکڑوں افراد جانبحق ہو گئے۔ افغان حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اب تک 610 افراد جاں بحق اور 1300 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ متعدد گاؤں مٹی تلے دب گئے ہیں۔


افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق جاں بحق افراد کی زیادہ تر تعداد کنڑ کے اضلاع نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ سے رپورٹ ہوئی ہے۔ زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جلال آباد شہر کے قریب 8 کلو میٹر زیر زمین تھا۔ زلزلے کے بعد مزید پانچ آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جن کی شدت 4.3 سے 5.2 کے درمیان تھی۔


ضلع نورگل کے کئی گاؤں مکمل طور پر زمین بوس ہوگئے ہیں اور خدشہ ہے کہ درجنوں مزید لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ مقامی باشندوں نے اپیل کی ہے کہ امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔ وزارت دفاع، وزارت داخلہ اور وزارت صحت کی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں جبکہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ننگرہار ریجنل ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔


ترک خبررساں ادارے انادولو نے بھی افغان وزارت اطلاعات کے حوالے سے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔


افغانستان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ “تمام دستیاب وسائل انسانی جانیں بچانے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔”


یاد رہے کہ زلزلے کے جھٹکے کابل سمیت پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی محسوس کیے گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی، تاہم اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔


خیال رہے کہ افغانستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو زلزلوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ گزشتہ سال ملک کے مغربی حصے میں آنے والے زلزلے میں ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

تازہ ترین