غللام اکبر مروت
لکی مروت کے تھانہ سرائے نورنگ میں پولیس اہلکار پر زیرِ حراست نوجوان کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا الزام سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 20 سالہ عتیق خان کو موٹر سائیکل چوری کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور تفتیش کے لیے ایچ سی سیف اللہ کے حوالے کیا گیا۔ روزنامچہ رپورٹ کے مطابق رات کے وقت جب دیگر اہلکار چوکی سے باہر گئے تو پولیس اہلکار سیف اللہ نے نوجوان کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ تھانے پہنچ گئے، تاہم اس دوران ملزم اہلکار سیف اللہ اپنی چپل چھوڑ کر ننگے پاؤں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مقامی پولیس نے واقعے کو دبانے کی کوشش کی مگر متاثرہ خاندان کے احتجاج کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی۔
ایس ایچ او رزاق خان نے متاثرہ نوجوان کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ عتیق خان کو میڈیکل کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت نے ملزم اہلکار کو معطل کرکے لائن حاضر کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔