وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی منظوری کے بعد محکمہ تعلیم نے نیا تعلیمی کیلنڈر جاری کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق صوبے میں پرائمری سے مڈل سکولوں تک سمر اور ونٹر زونز کے حساب سے الگ تعلیمی سال ہوں گے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا مقصد طلبہ کی فلاح و بہبود اور معیاری تدریسی عمل کو یقینی بنانا ہے۔ نیا نظام صوبے کے مختلف موسمی حالات کے مطابق بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرے گا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ امتحانات دو سمسٹرز پر مشتمل ہوں گے، جن میں پہلے سمسٹر کا وزن 45 فیصد اور دوسرے کا 55 فیصد رکھا گیا ہے۔ سمر زون کے امتحانات دسمبر اور مئی میں جبکہ ونٹر زون کے امتحانات صرف دسمبر میں ہوں گے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق نیا کیلنڈر تدریسی عمل کو مزید مؤثر اور منظم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔