ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
ایک نئی پہچان، ایک نیا اعزاز منیبہ مزاری کے نام !!! Home / قومی /

ایک نئی پہچان، ایک نیا اعزاز منیبہ مزاری کے نام !!!

سپر ایڈمن - 29/08/2025 242
ایک نئی پہچان، ایک نیا اعزاز منیبہ مزاری کے نام !!!

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی نامور مقررہ، مصورہ اور انسانی حقوق کی کارکن منیبہ مزاری کو باضابطہ طور پر پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کی ایڈووکیٹ مقرر کر دیا ہے۔ یہ اعلان 24 مارچ 2025 کو کیا گیا۔

 

یہ اعزاز منیبہ مزاری کی شمولیت، صنفی برابری اور سماجی انصاف کے لیے ان کی شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔ وہ اس کردار میں دنیا کی دیگر اہم شخصیات کے ساتھ شامل ہوں گی، جن میں بارباڈوس کی وزیر اعظم میا موٹلی اور بیلجیم کی ملکہ ماتیلدا شامل ہیں، جو پائیدار ترقی کے 2030 ایجنڈے کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہیں۔

 

سیکرٹری جنرل نے اپنے خط میں کہا: “منیبہ بہت سے لوگوں کے لیے ایک مثال  ہیں۔ وہ شمولیت اور صنفی مساوات کی نمایاں آواز ہیں۔ میں ان کی کامیابیوں اور جدوجہد کو سراہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اپنی آواز اور اثرورسوخ کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کو دنیا کے سامنے مزید اجاگر کریں گی۔”

منیبہ مزاری نے اپنے تقرر پر کہا: “یہ محض ایک عہدہ نہیں بلکہ ذمہ داری ہے۔ میں اپنی آواز ان کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہوں جو ابھی تک ان سنے رہے ہیں۔ ہم سب مل کر دنیا کو زیادہ منصفانہ، بہتر اور پائیدار بنا سکتے ہیں۔”

 

یو این ویمن پاکستان کے نمائندے جمشید ایم قاضی نے بھی اس موقع پر منیبہ مزاری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا: “یہ پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ منیبہ ہمت، حوصلے اور مساوات کی علامت ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ اس نئے کردار میں بھی دنیا بھر میں مثبت تبدیلی کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔”

 

اقوام متحدہ اور یو این ویمن پاکستان نے اس تقرر کو نہ صرف ایک اعزاز قرار دیا بلکہ امید ظاہر کی ہے کہ یہ کردار خواتین، لڑکیوں اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو مزید تقویت دے گا۔

تازہ ترین