اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور یو این ویمن پاکستان کے درمیان خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے مالی شمولیت، مالی خواندگی اور فنانس تک رسائی کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ اشتراک خواتین کی شمولیت میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور پسماندہ علاقوں میں ڈیجیٹل مالی خدمات کے فروغ پر مرکوز ہے۔
ایم او یو پر دستخط کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بی ایس سی کے منیجنگ ڈائریکٹر معراج محمود اور یو این ویمن پاکستان کے نمائندہ جمشید کاظی نے شرکت کی۔
اس موقع پر کہا گیا کہ یہ شراکت داری دونوں اداروں کے اس عزم کی تجدید ہے کہ خواتین کی معاشی شمولیت کو بڑھانے کے لیے، مالی وسائل اور علم تک بہتر رسائی کے ذریعے ایک معاون ماحول فراہم کیا جائے۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ سیمینارز، آگاہی مہمات اور تحقیقی سرگرمیاں منعقد کریں گے۔ اگرچہ یہ معاہدہ قانونی طور پر پابند نہیں، تاہم یہ ادارہ جاتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دیرپا اثرات کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے۔