خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ظہور بابر آفریدی نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے پر لائیو گفتگو کرنے والے گروپ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق اس گروپ میں لڑکے اور لڑکیاں شامل تھے جو اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے فحش اور غیر اخلاقی ویڈیوز اور مواد شیئر کر کے معاشرے میں برائی پھیلا رہے تھے۔
کارروائی کے دوران نامزد ملزم زاہد ولد نورعالم سکنہ مستری آباد مردان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ گروپ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور اس نے آئندہ ایسی کسی سرگرمی میں شامل نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر فحاشی، گالی گلوچ اور معاشرتی برائی پھیلانے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی تاکہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔