نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق ٹانک اور شمالی وزیرستان کے دو بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 23 تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے 75 سے زائد اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے 27 اگست کو چاروں وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز کو اہم اجلاس کے لیے وزیر اعظم ہاؤس طلب کر لیا ہے۔
اس سے قبل دیامر، جنوبی وزیرستان، لاہور اور راولپنڈی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی سب سے خطرناک قسم بھی پائی گئی تھی۔
این ای او سی کے مطابق قومی انسداد پولیو مہم یکم سے 7 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران ملک بھر کے 99 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے 2 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔