محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے کے 55 کالجز کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے اور اس سلسلے میں کالجز کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔ فہرست میں سب سے زیادہ 7 کالجز ڈیرہ اسماعیل خان کے شامل ہیں۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کامران آفریدی نے کہا کہ کالجز کی نجکاری کا حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوا، البتہ ان اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق کالج کے قیام کے لیے کم از کم 500 طلباء کی انرولمنٹ شرط ہے جبکہ ان کالجز میں طلباء کی تعداد نہایت کم ہے اور کئی جگہ فیک انرولمنٹ کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے واضح کیا کہ نجکاری کے حوالے سے حتمی فیصلہ طلباء کے بہتر مستقبل اور تعلیمی معیار کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔