ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
باڑہ: قبیلہ شلوبر کے چیئرمینز کی پولیس رویے کے خلاف احتجاجی پریس کانفرنس Home / عوام کی آواز,قبائلی اضلاع /

باڑہ: قبیلہ شلوبر کے چیئرمینز کی پولیس رویے کے خلاف احتجاجی پریس کانفرنس

سپر ایڈمن - 25/08/2025 199
باڑہ: قبیلہ شلوبر کے چیئرمینز کی پولیس رویے کے خلاف احتجاجی پریس کانفرنس

خادم خان آفریدی

 

باڑہ میں قبیلہ شلوبر کے منتخب چیئرمینز نے کہا ہے کہ پولیس کی ناکام حکمتِ عملی اور غیر ذمہ دارانہ رویے نے علاقے کا امن تباہ کر دیا ہے، عوام خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 

باڑہ پریس کلب میں ویلج کونسل چیئرمین جمیل مقام آفریدی کی سربراہی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عرفان اللہ، محمد خان، سلیم آفریدی، ڈاکٹر غلام کبیر، جاوید خان آفریدی، سلطان میر آفریدی اور ازبر خان آفریدی نے کہا کہ قبیلہ شلوبر میں پیش آنے والے واقعات روز کا معمول بن گئے ہیں، مگر پولیس کے اعلیٰ افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کا اصل بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے، جبکہ پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ اور کارروائیوں سے علاقے کا سکون غارت ہو چکا ہے۔ خواتین، بچے اور بزرگ مستقل خوف میں جی رہے ہیں۔

 

چیئرمین جمیل مقام آفریدی نے الزام لگایا کہ گزشتہ روز ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری کو پورے قبیلے سے جوڑ کر میڈیا میں پیش کیا گیا، جو غیر ذمہ دارانہ اقدام اور قبیلے کی بدنامی کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم منشیات کی روک تھام کے مخالف نہیں، لیکن اس کی آڑ میں بعض عناصر ذاتی مفادات حاصل کررہے ہیں، منشیات دوبارہ فروخت کی جاتی ہیں اور اندھا دھند فائرنگ سے شہری متاثر ہوتے ہیں۔

 

متحدہ چیئرمینز نے مزید کہا کہ رات کے وقت ناکہ بندی اور چھاپوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جس سے پولیس پر عوامی اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے۔

 

انہوں نے صوبائی حکومت، آئی جی خیبر پختونخوا اور سی سی پی او پشاور سے مطالبہ کیا کہ ڈی پی او خیبر، ایس ایچ او باڑہ اور ڈی ایس پی باڑہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے، بصورت دیگر قبیلہ شلوبر کے نمائندے عوامی حقوق کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔