ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبدالناصر خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر طوفان اور بارش کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو صوبائی حکومت کی جانب سے امدادی چیکس ان کے گھروں میں پہنچا دیے۔
ڈپٹی کمشنر نے تحصیل میئر ڈیرہ کے ہمراہ متاثرہ خاندانوں کے گھروں کا دورہ کیا اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے ساتھ صوبائی حکومت کی اعلان کردہ امدادی رقوم کے چیکس ان کی دہلیز پر فراہم کیے۔ اس موقع پر افسران نے تحصیل پہاڑپور کے گاؤں لاڑ شریف میں متوفی محمد معاذ الحسن اور شہناز بی بی کے جنازے میں بھی شرکت کی اور بعد ازاں ورثا کو امدادی رقوم کے چیکس پیش کئے۔
اعلامیہ کے مطابق متوفی آسیان کا امدادی چیک ان کے ورثا کو وزیرستان میں تدفین کے بعد واپسی پر فراہم کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ شب ہونے والی طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے شہر شدید متاثر ہوا ہے ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارش کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 8 افراد جاں بحق اور 52 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔