صوبائی حکومت نے کرک میں 7 ارب روپے مالیت کے گیس پراجیکٹ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس کو کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایگزیکٹو انجینئر ایس این جی پی ایل، پی ڈی ویلپمنٹ اور انرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ سے ایک ایک نمائندہ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی گیس پراجیکٹ میں پائی جانے والی کوتاہیوں اور کمزوریوں کی نشاندہی کرکے رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کرے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت سجاد براکوال نے کہا کہ گیس پراجیکٹ کی تحقیقات سے متعلق عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی شکایات متعلقہ فورم پر جمع کرائیں۔
سجاد براکوال نے مزید کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے مشکور ہیں جنہوں نے شفافیت کے لیے ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، پارلیمنٹیرین گیس پراجیکٹ کی تحقیقات اور قومی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی میٹر کی تنصیب، پائپ لائن کنکشن اور بلنگ کے طریقہ کار کی بھی تصدیق کرے گی جبکہ کمیٹی کو پندرہ دن کے اندر اپنی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔