بنجر زمینیں آباد کرنے کا خواب مگر سیلاب نے سب کچھ بہا لیا
حمزہ محسو د
جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے تیارزہ کے گاؤں تنگی عباس خیل میں سیلابی ریلے نے لاکھوں روپے مالیت کی کھڑی فصلیں اور کروڑوں روپے کی زمینیں بہا دیں۔
حالیہ بارشوں سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے جبکہ جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب سیلابی ریلوں نے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
فدا محمد نے بتایا کہ یونیورسٹی سے ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے آبائی گاؤں تنگی عباس خیل میں بنجر زمینوں کو دوبارہ سے آباد کرنے کا فیصلہ کیا اور گزشتہ دو سالوں سے اپنے گاؤں میں مستقل رہائش اختیار کر لی تھی کیونکہ ان بنجر زمینوں کو آباد کرنا فدا محمد کا خواب تھا مگر سیلاب نے سب کچھ بہا لیا۔ان کے زیرِ استعمال تین سو کنال زمین انہیں مقامی لوگوں نے دی تھی تاکہ زراعت کے شعبے کو فروغ مل سکے۔
اس زمین پر انہوں نے مختلف قسم کی فصلیں اگائی تھیں جن میں سورج مکھی، مکئی اور مختلف اقسام کی سبزیاں شامل تھیں۔فدا محمد کے مطابق دو سو تیس کنال پر محیط کھڑی فصلیں اور زیرِ استعمال زمین سیلابی ریلا بہا کر لے گیا جس سے انہیں کروڑں روپے کا معاشی نقصان ہوا۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر پی ڈی ایم اے محمد نوید کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تمام حالات کا جائزہ لے رہی ہیں ہماری پوری کوشش ہے کہ بارشوں و سیلابی ریلوں سے متاثر ہونے والے تمام افراد کی ممکنہ حد تک مدد کی جائے۔