محمد انس
ملاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ کے گھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو تنازع کے نتیجے میں مفتی کفایت اللہ کے بیٹے نے فائرنگ کر دی۔
لیویز حکام کے مطابق فائرنگ سے مفتی کفایت اللہ شدید زخمی ہوگئے جبکہ ان کا بیٹا اور بیٹی موقع پر جاں بحق ہوئے۔ واقعے میں مفتی کفایت اللہ کی اہلیہ بھی زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کیا گیا۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ مفتی کفایت اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم اہلیہ کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 ملاکنڈ صادق شاہ کے مطابق اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد اسپتال منتقل کیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم حسام آئس نشے کا عادی تھا اور اس مسئلے کے باعث گھر میں اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے ملاکنڈ لیویز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
جبکہ جے یو آئی کے مقامی و مرکزی رہنماؤں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔