ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
طالبان حکومت کے اقتدار کے چار سال مکمل، کابل میں پرچم بردار ریلی Home / بین الاقوامی /

طالبان حکومت کے اقتدار کے چار سال مکمل، کابل میں پرچم بردار ریلی

سپر ایڈمن - 15/08/2025 216
طالبان حکومت کے اقتدار کے چار سال مکمل، کابل میں پرچم بردار ریلی

 افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان نے جمعے کو اپنے اقتدار کی چوتھی سالگرہ پر مختلف شہروں میں تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا، تاہم گزشتہ برس کی طرح اس بار فوجی پریڈ منسوخ کر دی گئی۔

 

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کابل میں طالبان نے پرچم بردار ریلی نکالی جبکہ ہیلی کاپٹروں سے پھول برسائے گئے اور شہر بھر میں ’’اسلامی امارت افغانستان‘‘ کے جھنڈے لہرائے گئے۔ جمعرات کی رات طالبان ارکان نے بند امریکی سفارتخانے کے قریب آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا۔

 

گزشتہ سال بگرام ایئربیس پر ہونے والی فوجی پریڈ، جو کبھی امریکی آپریشنز کا اہم مرکز تھی، اس بار کسی عوامی وضاحت کے بغیر منسوخ کر دی گئی۔

 

اے ایف پی  کے مطابق طالبان حکومت کو حال ہی میں بڑی سفارتی کامیابی اس وقت ملی جب روس نے اسے باضابطہ تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن کر اعلان کیا۔ طالبان کو امید ہے کہ دیگر ممالک بھی اس کی پیروی کریں گے۔ اس وقت کابل کے چین، متحدہ عرب امارات اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، تاہم باضابطہ تسلیم نہیں کیا گیا۔

 

دوسری جانب طالبان پر خواتین کے خلاف سخت گیر پالیسیوں کی وجہ سے عالمی تنقید جاری ہے۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے جولائی میں طالبان کے دو سینئر رہنماؤں کے  گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے، جن پر خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم، روزگار، تفریحی مقامات اور آزادانہ سفر سے روکنے جیسے اقدامات پر انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام ہے۔