ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
مردان:گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے الزام میں کارروائی، 5 افراد گرفتار، نجی ہسپتال سیل Home / جرائم,عوام کی آواز /

مردان:گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے الزام میں کارروائی، 5 افراد گرفتار، نجی ہسپتال سیل

سپر ایڈمن - 09/08/2025 237
مردان:گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے الزام میں کارروائی، 5 افراد گرفتار، نجی ہسپتال سیل

عبدالستار

 

مردان میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے الزام میں طورو ہسپتال کے انستھیزیا ٹیکنیشن سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ شمسی روڈ پر واقع  نجی ہسپتال کو سیل کردیا گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق، گزشتہ شام ایف آئی اے کی پانچ رکنی ٹیم طورو ہسپتال پہنچی اور ڈیوٹی پر موجود انستھیزیا ٹیکنیشن کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ طورو ہسپتال کے ڈی ایم ایس نے اس واقعے سے متعلق ایک تحریری مراسلہ ڈی ایچ او اور متعلقہ پولیس تھانے کو ارسال کیا، جس میں بتایا گیا کہ پانچ نامعلوم افراد نے خود کو ایف آئی اے حکام ظاہر کیا اورانستھیزیا ٹیکنیشن  کو ان کے رہائشی کوارٹر سے گرفتار کیا۔

 

مزید برآں، ایف آئی اے ٹیم نے شمسی روڈ مردان پر واقع ایک نجی ہسپتال کو بھی سیل کرکے چار مزید افراد کو حراست میں لیا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے الزامات کی بنیاد پر کی گئی۔

 

ڈی ایچ او مردان ڈاکٹر محمد شعیب نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طورو ہسپتال کے ڈی ایم ایس کے مراسلے کی روشنی میں ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا کو آگاہ کیا گیا ہے اور محکمہ صحت ایف آئی اے سے مسلسل رابطے میں ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث ایک گروہ عرصے سے سرگرم ہے، جس میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ گروہ نے مردان کے جیل روڈ پر ایک بنگلہ کرائے پر لے رکھا تھا۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔