پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کی ہے کہ 25 جون سے اب تک خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں، سیلاب، آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 71 افراد جاں بحق اور 86 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 40 بچے، 17 مرد اور 14 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 53 مکانات مکمل تباہ جبکہ 305 جزوی طور پر متاثر ہوئے، اس کے علاوہ آسمانی بجلی اور سیلابی ریلوں میں 142 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ مون سون کے دوران سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ نقصان سوات میں ہوا، جہاں 22 افراد جاں بحق، 11 زخمی اور 63 مکانات متاثر ہوئے۔ دیگر اضلاع میں شمالی وزیرستان میں 7، ایبٹ آباد میں 5، جبکہ لکی مروت، باجوڑ، مانسہرہ، اپر دیر اور چارسدہ میں 3، 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔