ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
ٹانک: پولیو کا نیا کیس رپورٹ، صوبے میں تعداد 11 ہو گئی Home / صحت,عوام کی آواز /

ٹانک: پولیو کا نیا کیس رپورٹ، صوبے میں تعداد 11 ہو گئی

رضوان اللہ - 02/08/2025 203
ٹانک:  پولیو کا نیا کیس رپورٹ، صوبے میں تعداد 11 ہو گئی

رضوان اللہ

 خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آیا ہے، جس کے بعد صوبے میں رواں سال کے دوران پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

 

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے اس کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ بچہ 10 ماہ کا محمد حسنین ولد امیر جان ہے، جو یونین کونسل مولازئی، عمر خیل کے رہائشی ہیں۔

 

یہ ضلع ٹانک سے رپورٹ ہونے والا دوسرا کیس ہے، جبکہ اس سے قبل چنی مچن خیل سے پولیو کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔ اس نئے کیس کے بعد ملک بھر میں سال 2025 کے دوران رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 18 ہو گئی ہے، جن میں سے 11 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔

 

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق، صوبے میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں بنوں سے تین، ٹانک، لکی مروت اور شمالی وزیرستان سے دو، دو جبکہ تورغر اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک، ایک کیس شامل ہے۔ دیگر کیسز سندھ سے پانچ، اور پنجاب و گلگت بلتستان سے ایک، ایک رپورٹ ہوئے ہیں۔

 

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹانک، ڈاکٹر کامران زکریا کے مطابق، یہ نیا کیس اس بات کا ثبوت ہے کہ جنوبی اضلاع خصوصاً ٹانک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پولیو وائرس بدستور فعال ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ رواں مہینے ہونے والی پولیو مہم میں کوشش کی جائے گی کہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بھی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

 

فوکل پرسن گورنر خیبر پختونخوا پولیو ایریڈکیشن پروگرام، طارق حبیب نے کہا ہے کہ ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے 18 میں سے 11 کیسز خیبر پختونخوا سے سامنے آنا تشویشناک ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ پولیو وائرس پھیل رہا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ اس کے تدارک کے لیے اعلیٰ معیار کی پولیو مہم اور معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری کو مزید موثر بنانا ضروری ہے۔

 

ماہرین صحت کے مطابق پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کم ویکسینیشن والے علاقوں میں بچے اب بھی خطرے میں ہیں، اور وائرس دوبارہ پھیلنے کا خدشہ موجود ہے۔ والدین اور کمیونٹی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ اس خطرناک بیماری کا مستقل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔