ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
کے پی حکومت کا آؤٹ آف سکول بچوں کے لیے"علم پیکٹ پروگرام" کا اجراء Home / تعلیم /

کے پی حکومت کا آؤٹ آف سکول بچوں کے لیے"علم پیکٹ پروگرام" کا اجراء

ایڈیٹر - 31/07/2025 451
کے پی حکومت کا آؤٹ آف سکول بچوں کے لیے

خیبر پختونخوا حکومت کا آؤٹ آف اسکول بچوں کے لیے"علم پیکٹ پروگرام" کا اجراء

 

 خیبر پختونخوا حکومت نے برطانوی حکومت کے ترقیاتی ادارے FCDO کے تعاون اور برٹش کونسل کے اشتراک سے "علم پیکٹ پروگرام" کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنا اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

 

اس پروگرام کا افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی، برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن، محکمہ تعلیم کے حکام اور شراکت دار اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

 

وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت بچوں کو صرف تعلیم نہیں بلکہ معیاری تعلیم دینے کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کا ہدف ہے کہ کوئی بھی بچہ کرسی اور میز کے بغیر نہ رہے، اور اس کے لیے درکار فنڈز بھی مختص کر دیے گئے ہیں۔

 

علم پیکٹ پروگرام کی خصوصیات:

پروگرام سے 8 اضلاع کے 80 ہزار آؤٹ آف اسکول بچے مستفید ہوں گے۔

اضلاع میں: بٹگرام، مانسہرہ، صوابی، بونیر، شانگلہ، خیبر، مہمند، ڈی آئی خان شامل ہیں۔

منتخب اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کی ٹریننگ، ماسٹر ٹرینرز کی تیاری اور پیرنٹس-ٹیچرز کمیٹیوں کی صلاحیت سازی شامل ہے۔

بچیوں، خصوصی بچوں، نادار طبقے اور اقلیتی برادری کے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔

 

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 13 لاکھ بچے اسکولوں میں داخل کیے گئے، اور رواں سال مزید 10 لاکھ بچوں کو اسکول میں داخل کرنے کا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک پڑھی لکھی ماں ہی پڑھی لکھی قوم تیار کرتی ہے، اور باشعور قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔

 

بجٹ اور اقدامات:

رواں مالی سال میں تعلیم کے لیے بجٹ کا 21 فیصد ابتدائی و ثانوی تعلیم پر مختص کیا گیا ہے۔

18 ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔

سرکاری سکولوں میں بچوں کو مفت کتابیں، اسٹیشنری اور سکول بیگز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

 

وزیر اعلیٰ نے آخر میں تمام شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ علم پیکٹ پروگرام خیبر پختونخوا کے تعلیمی مستقبل کو روشن بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

تازہ ترین