ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بنوں: شہداء پولیس اہلکاروں کے لواحقین کا یومِ آزادی اور یومِ شہداء کی تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان Home / قبائلی اضلاع /

بنوں: شہداء پولیس اہلکاروں کے لواحقین کا یومِ آزادی اور یومِ شہداء کی تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان

بنوں: شہداء پولیس اہلکاروں کے لواحقین کا یومِ آزادی اور یومِ شہداء کی  تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان

 احسان اللہ خٹک

 

بنوں میں شہداء پولیس اہلکاروں کے لواحقین نےاجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کرتے ہوئے 4 اگست سے 14 اگست تک یومِ آزادی اور یومِ شہداء کی تمام سرکاری تقریبات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

 

اجلاس میں شریک لواحقین کا کہنا تھا کہ وہ 2016 سے شہداء پیکج کے تحت بھرتی ہوئے ہیں، مگر تاحال انہیں ان کے قانونی و آئینی حقوق نہیں دیے جا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سال میں صرف ایک بار قبروں پر پھول چڑھانا یا مٹھائیاں بانٹنا کافی نہیں، ہم جیتے جاگتے انسان ہیں اور ہمیں محض دعاؤں اور وعدوں کے بجائے اپنے جائز حقوق چاہییں۔

 

متاثرہ خاندانوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور آئی جی پولیس سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ شہداء پیکج کے تحت واجبات، سرکاری ملازمتیں، مراعات اور دیگر وعدہ شدہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔

 

لواحقین نے خبردار کیا کہ ان کا احتجاج پرامن ہے، مگر اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کو پورے صوبے تک پھیلایا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا بائیکاٹ صرف آغاز ہے، ہم مزید خاموش نہیں رہیں گے۔

اس حوالے سے آر پی او بنوں سجاد خان نے اپنے مؤقف میں بتایا کہ بنوں ریجن میں شہداء کی تعداد زیادہ ہے، اس لیے اس وقت کے آئی جی پولیس نے ان اہلکاروں کے تقرر عارضی بنیادوں پر کئے تھے۔ تاہم اب انہیں ان کے اپنے کوٹہ (Against Their Own Quota) کے تحت مستقل کیا جا رہا ہے، جو کہ پہلے 5 فیصد تھا، اب بڑھا کر 12.05 فیصد کر دیا گیا ہے۔

 

آر پی او کے مطابق شہداء کے اہل خانہ سے ڈی ایس پی سٹی اور ایس پی انوسٹی گیشن نے ملاقاتیں کی ہیں، جبکہ ڈی پی او بنوں بھی جلد ان سے براہِ راست بات چیت کریں گے تاکہ انہیں کی گئی پیش رفت اور خط و کتابت سے آگاہ کیا جا سکے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے کوٹہ پر مخصوص نشستوں کی تعداد میں اضافے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔