ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی سے 1.38 کروڑ افراد متاثر، عالمی ادارہ صحت Home / صحت /

پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی سے 1.38 کروڑ افراد متاثر، عالمی ادارہ صحت

ایڈیٹر - 28/07/2025 238
پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی سے 1.38 کروڑ افراد متاثر، عالمی ادارہ صحت

عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر عالمی ادارہ صحت (WHO) نے پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 10 ملین (1 کروڑ) افراد ہیپاٹائٹس سی اور 3.8 ملین (38 لاکھ) افراد ہیپاٹائٹس بی کا شکار ہیں، لیکن ان میں سے صرف 25 سے 30 فیصد افراد کو ہی اپنی بیماری کا علم ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے عالمی تھیم "چلو اسے آسان بنائیں" (Let's break it down) کے تحت دنیا بھر کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیپاٹائٹس کی روک تھام، جانچ، اور علاج کو آسان اور قومی صحت کے نظام کا حصہ بنایا جائے۔

ادارے نے پاکستان کی حکومت اور وزیراعظم کے نیشنل ہیپاٹائٹس سی پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام 2027 تک 5 ملین مریضوں کا علاج اور 8 کروڑ 25 لاکھ افراد (12 سال یا اس سے زائد عمر کے) کی اسکریننگ کا ہدف رکھتا ہے۔

ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر ڈاپینگ لو نے کہا:

“ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ ہر شخص کو بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت فراہم ہو، خصوصاً کمزور طبقے کو تحفظ دیا جا سکے۔”

پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں غیر محفوظ انتقال خون، استعمال شدہ سرنجوں کا دوبارہ استعمال، غیر معیاری سرجری، ڈینٹل کلینک، ٹیٹو، کان یا ناک چھیدنا، اور حجاموں کی دکانوں پر غیر جراثیم سے پاک اوزاروں کا استعمال شامل ہے۔

دنیا بھر میں ہر سال 1.3 ملین افراد ہیپاٹائٹس سے جاں بحق ہوتے ہیں، یعنی روزانہ تقریباً 3,500 اموات۔

ڈبلیو ایچ او نے زور دیا ہے کہ نومولود بچوں کو ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کی ویکسین پیدائش کے 24 گھنٹے کے اندر دی جائے، اور ہر فرد کو چاہے وہ کہیں بھی رہتا ہو، علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔