ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور خود تیراہ واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف Home / خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور خود تیراہ واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

سپر ایڈمن - 28/07/2025 308
 وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور خود  تیراہ واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں،  بیرسٹر ڈاکٹر سیف

خیبر پختونخوا حکومت نے تیراہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور خود واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں اور مسلسل متعلقہ انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔

 بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق وزیر اعلیٰ نے قبائلی عمائدین کا جرگہ پشاور طلب کیا ہے، جس میں عمائدین کے تحفظات سنے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت واقعے پر نہایت افسردہ ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے گزشتہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی گئی تھی تاہم گورنر اور اپوزیشن جماعتوں نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانفرنس کا بائیکاٹ کیا۔

صوبائی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور حالات کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبر کے علاقے تیراہ میدان میں مرکزی باغ بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کے دوران حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

تازہ ترین